چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

انصاف کی فراہمی مقدس ذمہ داری،ججز آئین اور قانون کے مطابق فیصلے کریں، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

لاہور(کورٹ نیوز)چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ انصاف کی فراہمی ایک مقدس ذمہ داری ہے، عدلیہ پر عوامی اعتماد ججز کے کردار، رویے اور فیصلوں سے مضبوط ہوتا ہے، نئے سول ججوں کو اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں دیانت، غیر جانبداری اور قانون کی بالادستی کو مقدم رکھنا ہوگا۔

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں نئے بھرتی ہونے والے سول ججوں کی تقریب حلف برداری منعقد ہوئی، رجسٹرار ہائیکورٹ نے حلف لیا، تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم نے خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی جسٹس ریٹائرڈ سردار احمد نعیم سمیت دیگر نے شرکت کی۔تقریب سے چیف جسٹس ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی عدالتوں سے توقعات وابستہ ہیں، اس لیے ججوں کو چاہیے کہ وہ فوری اور شفاف انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ عدلیہ پر عوامی اعتماد ججز کے کردار، رویے اور فیصلوں سے مضبوط ہوتا ہے۔ انہوں نے نئے ججوں پر زور دیا کہ وہ آئین و قانون کے مطابق فیصلے کریں اور کسی دباﺅ یا خوف کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں حائل نہ ہونے دیں، جدید تقاضوں کے مطابق عدالتی نظام میں اصلاحات اور ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی ضرورت ہے، پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نئے ججوں کی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔تقریب کے اختتام پر نئے سول ججوں نے اپنے فرائض ایمانداری اور ذمہ داری سے انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا، تقریب میں عدالتی افسران، سینئر ججز اور جوڈیشل اکیڈمی کے حکام نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ لکھیں