لاہور (نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہاہے کہ آج ہم پھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔
وزیر صحت نے کہاکہ انشاء اللہ ایک دن مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا اور نہتے کشمیریوں پر بھارتی سرکار کے مظالم کا عالمی برادری نوٹس لے۔ آج پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر رہی ہے۔بھارتی سرکار کے ہاتھ نہتے کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ بھارتی سرکار نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کو اپنے پاؤں تلے روند ڈالا ہے۔
کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت واپس دلوا کر ہی دم لیں گے۔انشاء اللہ ایک دن مضبوضہ کشمیر میں ظلم کی زنجیریں ٹوٹ کر آزادی کا سورج ضرور طلوع ہوگا۔ صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ جانوں کا نذرانہ پیش کرکے حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل ہونے تک ہر عالمی فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔
٭٭٭٭٭









