ممبئی (شوبز ڈیسک)پاکستان اور بھارت سمیت دنیا بھر کے ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹس جمعے کے روز بلیو ٹک سے محروم ہوگئے جن میں بالی وڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن بھی شامل تھے لیکن اب ان کا بلیو ٹک واپس آچکا ہے۔
امیتابھ بچن نے بلیو ٹک کے حوالے سے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا تھا جس میں وہ بتارہے تھے کہ ٹوئٹر کی مطلوبہ رقم ادا کرنے کے باوجود بلیو ٹک کی واپسی کا انتظار ہے۔امیتابھ بچن نے ہندی میں دیسی انداز میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کو مخاطب کیا کہ ارے ٹوئٹر بھیا، سْن رہے ہیں ، اب تو پیسے بھر دیے ہیں ،تو ہمارا بلیو ٹک واپس کر دیجیے’۔ امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ ہاتھ تو جوڑدیے ہیں کیا اب پیر بھی پڑیں؟ تاہم اب ہفتے کی صبح اداکار کا بلیو ٹک بحال ہوچکا ہے جو ان کے اکاؤنٹ پر واضح ہے۔
ویریفائیڈ ٹوئٹر اکاؤنٹس سے بلیو ٹک کسی جادو کی وجہ سے غائب نہیں ہورہا بلکہ یہ ٹوئٹر کے نئے مالک ایلون مسک کی ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کے تحت ہٹائے جارہے ہیں۔پاکستان میں ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن فیس ماہانہ 2250 روپے رکھی گئی ہے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک میں یہ 8 سے 11 ڈالرز کے درمیان ہے۔سبسکرپشن لینے کے بعد ٹوئٹر بلیو سروس کے صارفین کو بلیو چیک مارک کے ساتھ ساتھ طویل ویڈیوز، 4000 حروف کے ٹوئٹس اور ٹوئٹ کو ایڈٹ کرنے سمیت متعدد نئے فیچرز تک رسائی فراہم کی جائیگی۔









