واشنگٹن (انٹرنیشنل نیوز)امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے سوڈان میں لڑائی کی قیادت کرنے والے دونوں جنرلز سے ٹیلی فونک رابطے میں جلد جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ سیکرٹری بلنکن نے سوڈانی فوج کے آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے سربراہ محمد حمدان دقلو سے بات کی ہے اور اور متعدد ہلاک اور زخمی ہونے والے شہریوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ نے دونوں جنرلز کو شہریوں، سفارتی عملے اور انسانی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنی ذمہ داری نبھانے کا کہا ہے۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ جنگ بندی سے متاثرین افراد تک انسانی امداد پہنچانے میں مدد ملے گی، بچھڑے ہوئے سوڈانی خاندان مل سکیں گے اور خرطوم میں بین الاقوامی کمیونٹی اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر سکے گی۔خیال رہے کہ سوڈان میں چار روز سے جاری لڑائی میں 200 افراد ہلاک جبکہ 1800 زخمی ہو چکے ہیں۔









