واشنگٹن ، تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکا کی جانب سے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ( سینٹ کام) نے ایرانی جزیرے قشم میں فوجی تنصیبات پر حملوں کا دعوی کیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق امریکی فورسز نے ا یرانی جزیرے قشم پر حملے کیے، حملے ایران کی جانب سے میزائل و ڈرون حملوں کے جواب میں کیے۔ امریکی فورسز نے جزیرہ قشم میں ایرانی فوجی تنصیب کو نشانہ بنایا۔
سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکی فورسز نے ایرانی بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے ناکام بنا دیے، امریکی فورسز نے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون مار گرائے۔سینٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ ایران نے بیلسٹک میزائل ہمسایہ ممالک کی طرف داغے، ہدف پر نہ لگ سکے، کویت پر داغے گئے 2 میزائل راستے میں گر گئے۔امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق بحرین پر داغے گئے 3 میزائل امریکا اور بحرین فورسز نے مار گرائے۔ ایران نے 3 ڈرون حملے بحری جہازوں پر کیے جنہیں ناکام بنادیا۔
دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے امریکی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا دعوی کیا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہےکہ جزیرہ قشم میں کمیونیکیشن ٹاور پر امریکا نے حملہ کیا جس کے جواب میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران نے امریکی ففتھ فلیٹ ہیڈکوارٹر، ائیر بیس اور ہیلی کا پٹروں کو نشانہ بنایا۔ پاسدارانِ کے مطابق کارروائی امریکی حملوں کے جواب میں کی۔ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاسداران نے آبنائے ہرمز کے قریب ایرانی آئل ٹینکر پر حملے کے بعد ایک جہاز کو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا آبنائے ہرمز کی سکیورٹی متاثر کرنے کی قیمت امریکا کو چکانا ہوگی۔