بیروت،غزہ (انٹرنیشنل نیوز)امریکا کے ایران پر حملہ کے بعد اسرائیل نے جنوبی لبنان پر نئے حملے شروع کر دیئے۔روسی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان میں بعض مقامات کو نشانہ بنایا ہے تاہم ان حملوں سے جانی نقصان کی فوری طور پر اطلاع نہیں مل سکی۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے امریکی فوج نے ایران کے خلاف نئے حملے کئے تھے جس میں 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔امریکی سینٹرل کمانڈ کا کہنا تھا کہ حملے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تین تجارتی جہازوں پر ایرانی حملوں کے ردعمل میں کئے گئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے چھ گھر اور ایک رہائشی خیمہ مسمار کر دیا۔
فلسطینی حکام اور عینی شاہدین کے مطابق رام اللہ کے مغرب میں واقع شقبہ کے علاقے میں زیر تعمیر دو مکانات کو اسرائیلی بلڈوزروں کے ذریعے منہدم کر دیا گیا۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یہ تعمیرات نام نہاد ایریا سی میں بغیر اجازت تعمیر کی جا رہی تھیں، رملہ کے مشرق میں واقع گاں جیت میں بھی تین منزلہ مکان مسمار کر دیا گیا جو مقامی افراد کے مطابق خلف یامین کی ملکیت تھا۔