صدر ٹرمپ

امریکا دو ہفتوں کے اندر ایران کے خلاف مکمل فتح کا اعلان کرے گا،تیل بھی سستا ہوگا،صدرٹرمپ

واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہہم ایک بہت، بہت اچھے معاہدے تک پہنچنے کے آخری مراحل میں ہیں، امریکا آئندہ دو ہفتوں کے اندر ایران کے خلاف مکمل فتح کا اعلان کرے گا جبکہ تیل کی قیمتیں بھی گرجائیں گی ۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کےلئے منعقدہ ایک ٹیلی ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ امریکا نے سخت موقف اختیار کیا ہے اور ان کے بقول ہم یہ جنگ جیت رہے ہیں، لیکن اصل فتح اگلے دو ہفتوں میں نظر آئے گی جب ہم مکمل فتح کا اعلان کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مکمل فتح بہت جلد سامنے آئے گی اور اس کے نتیجے میں تیل کی قیمتیں نمایاں طور پر نیچے آنا شروع ہو جائیں گی۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے۔ٹرمپ نے اپنی تقریر میں کسی مخصوص فوجی، سفارتی یا قانونی منصوبے کی تفصیلات فراہم نہیں کیں جس کی بنیاد پر مکمل فتح کا اعلان کیا جائے گا۔ایران کی جانب سے اس بیان پر فوری باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ٹرمپ نے براہِ راست تیل کی قیمتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فتح کے بعد قیمتیں گر جائیں گی ۔

علاوہ ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا ہم ایک بہت، بہت اچھے معاہدے تک پہنچنے کے آخری مراحل میں ہیں۔جب ان سے پوچھا گیا کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں مزید کتنے دن یا ہفتے لگ سکتے ہیں تو انھوں نے جواب دیا دو یا تین دن۔دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کو روکنے کے لئے اپنی کوششوں کے حوالے سے امریکی خبر رساں ادارے اور ویب سائٹ ایگزیوس کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطی کے پانچ مختلف ممالک نے ان سے رابطہ کیا اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامن نیتن یاہو پر ایران کے خلاف حملے روکنے کےلئے دباﺅ ڈالنے کی درخواست کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ یہ ممالک شدید تشویش میں مبتلا تھے۔ وہ اس معاہدے کو پسند کرتے ہیں اور اس کے حامی ہیں کہ جس پر ہم مذاکرات کر رہے ہیں۔ ٹرمپ نے یہ دعوی بھی کیا کہ پیر کی صبح ان کی انتظامیہ کو ایران کی جانب سے پیغامات موصول ہوئے جن میں تہران نے حملے روکنے کےلئے آمادگی ظاہر کی، بشرطیکہ اسرائیل بھی اپنی کارروائیاں بند کر دے۔ٹرمپ کے بقول انھوں (ایران) نے ہم سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ مزید حملے نہیں کریں گے اور ہم سے درخواست کی کہ اسرائیل کو بھی مزید حملے نہ کرنے کا کہا جائے۔

اپنا تبصرہ لکھیں