ابوجا/واشنگٹن (نیوز ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ عالمی دہشتگرد تنظیم داعش کے دوسرے بڑے رہنما ابو بلال المینوکی کو امریکی اور نائجیری افواج کی مشترکہ کارروائی میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ٹروتھ سوشل” پر جاری بیان میں کہاکہ آج رات میری ہدایات پر امریکی بہادر افواج اور نائجیری مسلح افواج نے ایک نہایت پیچیدہ اور باریک بینی سے تیار کی گئی کارروائی کامیابی سے انجام دی، جس میں دنیا کے خطرناک ترین دہشتگرد کو ختم کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ داعش کے عالمی نمبر دو رہنما ابو بلال المینوکی کو یقین تھا کہ وہ افریقہ میں چھپ سکتا ہے، لیکن اسے معلوم نہیں تھا کہ ہمارے پاس ایسے ذرائع موجود ہیں، جو اس کی ہر نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔
ٹرمپ کے مطابق اب المینوکی افریقہ کے عوام کو خوفزدہ نہیں کر سکے گا اور نہ ہی امریکیوں کے خلاف حملوں کی منصوبہ بندی میں مدد دے سکے گا۔اپنے بیان کے اختتام پر ٹرمپ نے کہاکہ اس کی ہلاکت کے بعد داعش کی عالمی کارروائیاں بڑی حد تک کمزور ہو گئی ہیں۔ اس کامیاب آپریشن میں شراکت پر نائجیری حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔