اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کاغربِ اردن میں اسرائیل کے آبادکاری منصوبہ پراظہارِمایوسی

نیویارک(انٹرنیشنل نیوز )اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی مزید تعمیر اور توسیع کے اعلان پر گہری تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نے صدارتی بیان میں اس بات کا اعادہ کیا کہ اسرائیل کی یہودی آبادکاری کی مسلسل سرگرمیاں 1967 کی سرحدوں پرمبنی دو ریاستی حل کی راہیں مسدود کررہی ہیں اورتنازع کے ممکنہ حل کوخطرے میں ڈال رہی ہیں۔

بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل امن کی راہ میں حائل تمام یک طرفہ اقدامات کی سختی سے مخالفت کرتی ہے جن میں اسرائیل کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیرو توسیع، فلسطینیوں کی اراضی کی ضبطی، یہودی بستیوں کی بیرونی چوکیوں کو قانونی شکل دینا، فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری اور فلسطینیوں کی نقل مکانی شامل ہیں۔اس صدارتی بیان پر سلامتی کونسل کے تمام پندرہ رکن ممالک نے اتفاق کیا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی انتہائی دائیں بازو کی حکومت نے حال ہی میں مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی اجازت دی تھی اور اس سے ایک ہفتہ قبل پہلے سے قائم بستیوں میں نئے گھروں کی تعمیرکے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیل کی آبادکاری کی سرگرمیوں میں فلسطینیوں کے ان کے آبائی گھروں سے بے دخل کرنا اورانھیں مسمار کرنا شامل تھا۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم)میں مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت کونظری اور عملی طورپربرقراررکھنے پر بھی زور دیا ہے اور اس سلسلے میں اردن کے خصوصی کردارکی اہمیت پرزور دیا ہے۔گذشتہ ماہ اسرائیل کے قومی سلامتی کے وزیرایتماربن غفیر نیمسجداقصی کا متنازع دورہ کیا تھا جو اسلام کا تیسرا مقدس ترین مقام ہے۔اس کے احاطے میں ہیکل سلیمانی واقع ہے اوریہ یہودیوں کے لیے بھی سب سے مقدس مقام ہے۔

اس دورے نے فلسطینیوں کومشتعل کردیا تھااور عرب رہ نماں نے اسرائیلی وزیر کے اس فعل کی مذمت کی تھی اور نیتن یاہو کی حکومت سے مطالبہ کیا تھاکہ وہ مسجد اقصی کی حیثیت کا احترام کرے اوریروشلم میں مسلمانوں کے مقدس مقامات کے محافظ کے طور پر اردن کے کردار کا احترام کرے۔مسجد اقصی کی تاریخی حیثیت کے مطابق غیرمسلم مخصوص اوقات میں اس مقدس مقام کی زیارت کرسکتے ہیں۔ تاہم وہ وہاں عبادت نہیں کرسکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں