کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ اشنا شاہ کو سمندری طوفان بپرجوائے سے متعلق مذاق کرنا مہنگا پڑگیا۔
ٹوئٹر پر اداکارہ نے ازراہ مذاق ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنے شوہر اور گولفر حمزہ امین کو دوسری شادی کی اجازت دی۔اشنا شاہ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ میرا طیارہ کراچی کے لیے اڑان بھرنے والا ہے اور وہاں طوفان کا انتباہ جاری کیا گیا ہے، میں چاہتی ہوں کہ میرے شوہر یہ جان لیں کہ خدا ناخواستہ اگر میرا طیارہ تباہ ہوجائے اور میں زندہ نہ بچ سکوں تو میں امید کرتی ہوں کہ آپ کو کسی دن کسی نئے ساتھی کے ساتھ خوشیاں نصیب ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں امید کرتی ہوں کہ میرے شوہر یہ یاد رکھیں کہ ان کی نئی ساتھی کبھی بھی میری جیسی شاندار نہیں ہوسکتی، انہیں پھر گزارا کرنا پڑے گا۔اداکارہ نے ٹرولنگ سے بچنے کے لئے ٹوئٹ کے اختتام پر یہ واضح بھی کر دیا کہ وہ یہ سب مذاق میں کہہ رہی ہیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اشنا شاہ کو ان کی ٹوئٹ پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کہ انہوں نے طیارہ تباہ ہونے اور طوفان کو مذاق سمجھ لیا ہے۔بیشتر صارفین نے کہا کہ یہ مذاق کا وقت نہیں اور قدرتی آفات اور طیارہ تباہ ہونے کی باتیں کرنا غلط ہے۔