بھارت نے دوسری ایشیئن ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں، خواتین، اور مکسڈ ڈبلز تینوں کیٹیگریز میں گولڈ میڈلز جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ کسی ایک ملک نے ایشیائی یا عالمی ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ میں تینوں کیٹیگریز میں سونے کے تمغے حاصل کیے ہوں۔
مینز ڈبلز کے فائنل میں بھارتی کھلاڑی ابھے سنگھ اور ویلاون سینتھل کمار نے پاکستان کے نور زمان اور ناصر اقبال کو سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے دی، میچ کا دورانیہ 88 منٹ رہا۔
ویمنز ڈبلز میں بھارت کی جوشنا چنپا اور اناہت سنگھ کی جوڑی نے ملائیشیا کی امانی اور زن ینگ یی کو صرف 65 منٹ میں 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
جبکہ مکسڈ ڈبلز میں ابھے سنگھ اور اناہت سنگھ کی جوڑی نے ایک بار پھر دھماکہ کرتے ہوئے ملائیشیا کے امیشین راج چندرن اور ریچل آرنلڈ کو 0-2 سے ہرا دیا۔
یوں ابھے سنگھ اور اناہت سنگھ دونوں نے چیمپئن شپ میں دو دو طلائی تمغے جیت کر بھارتی اسکواش میں نئی مثال قائم کی۔