اسپیس ایکس نے دنیا بھر میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی کے لیے 27 اسٹار لنک سیٹلائٹس خلا میں بھیج دی ہیں۔
یہ مشن فلوریڈا کے کیپ کینیورل اسپیس فورس اسٹیشن سے پیر کی صبح انجام دیا گیا، جہاں سے فالکن 9 راکٹ کو لانچ کمپلیکس 40 سے خلا میں روانہ کیا گیا۔
اس مشن کے تحت تمام سیٹلائٹس کو کم زمین کے مدار (Low Earth Orbit) میں چھوڑا گیا ہے تاکہ دنیا کے مختلف علاقوں کو کم تاخیر اور زیادہ رفتار والا انٹرنیٹ فراہم کیا جا سکے۔
راکٹ کے پہلے مرحلے کا بوسٹر بھی کامیابی سے واپس آ گیا اور "جسٹ ریڈ دی انسٹرکشنز” ڈرون شپ پر بحرِ اوقیانوس میں اترا۔ یہ بوسٹر پہلے بھی 26 مشن مکمل کر چکا ہے، اور یہ اس کی 27ویں کامیاب پرواز تھی۔