پشاور(نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر برائے کشمیر امور انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ اسٹیڈیم کا نام قومی مجرم کے نام پر رکھنا کسی صورت درست اقدام نہیں، عوام بانی پی ٹی آئی کا نام سننے کے لیے بھی تیار نہیں ہیں۔
اپنے ایک بیان میں ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نام پر رکھنے پر خیبر پختونخوا حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ تاریخی مقامات سے نام ہٹانا تحریک انصاف کا وتیرہ بن چکا ہے، سوات میں نواز شریف کڈنی سینٹر کا نام بھی تبدیل کردیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت دوسروں کے کاموں پر اپنی تختیاں لگا کر جرم کی مرتکب ہو رہی ہے۔
دریں اثناء پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ طلبہ خیبرپختونخوا کا مثبت چہرہ سامنے لائیں گے، ہم نے یہ دکھاناہے کہ خیبرپختونخوا کے بچے کتنے زیادہ تعلیم یافتہ ہیں، ہماری 34 یونیورسٹیز کے وائس چانسلر ہی نہیں ہیں، حکومت کو وائس چانسلرز کی کمی پوری کرنی چاہیے ۔
انہوں نے کہا کہ سزا یافتہ شخص کے نام پرکیسے اسٹیڈیم کا نام رکھا جاسکتا ہے، افسوس ہے چترال میں اسٹیڈیم نہیں، وہاں سے کھلاڑی پشاور آکرکھیلتے ہیں
صرف اسٹیڈیم کا نام بدلنا عوام کی خدمت نہیں، یہ ایک سٹیڈیم بھی نہیں بناسکے اور کیا کام کریں گے۔گورنر کے پی نے مزید کہا کہ وزیراعظم کو خط لکھا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کا نام بے نظیر بھٹو کے نام پر رکھا جائے، اسلام آباد ائیرپورٹ بن گیا ہے لیکن نام تبدیل نہیں کیا گیا۔









