اسلام آباد ایئرپورٹ پر 4 کروڑ مالیت کے موبائل فون دبئی سے اسمگل کرنے کے مقدمے میں انسدادِ کسٹم عدالت نے ملزم عدنان شاہ کو 5 سال قید اور تمام جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنا دی۔
عدالت نے 155 قیمتی موبائل فون بحقِ سرکار ضبط کرنے کا حکم دیا، تاہم مجرم فیصلہ سنتے ہی ہجوم کا فائدہ اٹھا کر کمرہ عدالت سے فرار ہو گیا۔ پولیس، کسٹم اور سیکیورٹی اہلکار مجرم کو پکڑنے میں ناکام رہے۔
عدالت نے سیکیورٹی عملے کی غفلت پر سخت برہمی ظاہر کی اور فرار ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم جاری کیا۔ کسٹم پولیس نے گھر اور دفتر پر چھاپے مارے، لیکن عدنان شاہ تاحال مفرور ہے۔