لاہور ( نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب کا اقدام غیرقانونی ہے، تمام اداروں کو اپنی حد میں رہتے ہوئے کام کرنا ہوگا،اسمبلی کی تحلیل ہمارا آئینی حق ہے ۔
زمان پارک میں وکلا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جب تک رول آف لاء نہیں ہو گا ملک ترقی نہیں کرسکتا، امریکہ کی غلامی سے نکلنے کے لیے ملک میں انصاف کا نظام بحال ہونا اور تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہو گا۔انہوں نے ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورت حال کا ذمہ دار ایک شخص ہے ، اسمبلیوں کو تحلیل کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔
وکلاء نے عمران خان کو بریفنگ دی کہ گورنر پنجاب کا وزیراعلیٰ کو اعتماد کا ووٹ لینے کی ہدایت کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے، اسمبلی تحلیل اور گورنر کے اقدام کے حوالے سے عدالتی فیصلہ بالکل واضح ہے۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وکلا کو ٹاسک دیا کہ وہ ملک بھر میں رول آف لا کے حوالے سے بھرپور تحریک شروع کریں۔









