اسلام آباد: سوشل میڈیا پر مشہور ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو وفاقی دارالحکومت کے علاقے G-13/1 میں قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آور ان کے گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کرکے موقع پر ہی انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا۔ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سمبل پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی، لاش کو اپنی تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
متاثرہ خاتون کا تعلق اپر چترال سے بتایا گیا ہے۔ ان کی سوشل میڈیا پر مقبولیت کے باعث یہ واقعہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں بھی کوئٹہ میں ایک شخص انور الحق نے اپنی امریکی شہریت یافتہ بیٹی حرا کو اس کی ٹک ٹاک سرگرمیوں کی وجہ سے قتل کر دیا تھا۔ ابتدا میں ملزم نے واردات کا الزام نامعلوم افراد پر لگایا، مگر بعد میں اعتراف جرم کر لیا۔ اس نے اپنی بیٹی کے سوشل میڈیا مواد کو "قابل اعتراض” قرار دیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ثناء یوسف کے قتل کی تمام ممکنہ وجوہات پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، جن میں غیرت کے نام پر قتل کا پہلو بھی شامل ہے — جو پاکستان کے بعض علاقوں میں آج بھی ایک افسوسناک روایت کے طور پر جاری ہے۔