تل ابیب(انٹرنیشنل ڈیسک)غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر عمل درآمد کے لیے تیاری کے اعلان کے باوجود کسی بھی وقت طبل جنگ بج سکتا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ گیدون ساعر نے اعلان کیا کہ تل ابیب غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے تیار ہے۔تاہم انہوں نے کہا کہ اس معاملے کے فریم ورک کو بڑھانے کے لیے یرغمالیوں کی رہائی پر ایک معاہدے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کو مکمل طور پر اسلحے سے پاک کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ شرط دوسرے مرحلے میں جانے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر اسرائیل جنگ کی طرف واپس جانا چاہتا ہے تو اس کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امداد غزہ میں حماس کے لیے ایک اقتصادی انجن بن گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حماس تل ابیب کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے لییامداد کا استحصال کررہی ہے مگر اسرائیل اسے ایسا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔









