اسحاق ڈار کے سعودی و مصری وزرائے خارجہ سے رابطے، غزہ میں پائیدار امن اور جنگ بندی کی کوششوں پر اتفاق

ڈپٹی وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فونک گفتگو میں غزہ کی تازہ صورتحال، جنگ بندی کی کوششوں اور فلسطین میں پائیدار امن کے قیام پر تبادلۂ خیال کیا۔

دفترِ خارجہ کے مطابق، وزیرِ خارجہ نے مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے گفتگو میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور غزہ میں جاری انسانی بحران پر تفصیلی بات چیت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ عرب و اسلامی ممالک کو مشترکہ اور منظم سفارتی حکمتِ عملی اپنانی چاہیے تاکہ فوری اور دیرپا جنگ بندی کے ساتھ انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اسحاق ڈار نے ان کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ وزیرِ خارجہ نے اپنے مصری ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جو انہوں نے خوشدلی سے قبول کر لی۔

دوسری جانب، اسحاق ڈار نے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں غزہ کی تازہ صورتحال اور جنگ بندی سے متعلق سفارتی پیش رفت پر گفتگو ہوئی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز پر حماس کے جواب سمیت حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ عرب، اسلامی اور عالمی سطح پر قریبی رابطے جاری رکھے جائیں تاکہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر فلسطین میں منصفانہ اور دیرپا امن ممکن ہو سکے۔

اسحاق ڈار نے سعودی وزیرِ خارجہ کے تعمیری کردار اور مستقل رابطوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

2 تبصرے ”اسحاق ڈار کے سعودی و مصری وزرائے خارجہ سے رابطے، غزہ میں پائیدار امن اور جنگ بندی کی کوششوں پر اتفاق

اپنا تبصرہ لکھیں