کراچی (شوبز ڈیسک) نوے کی دہائی کے مشہور ڈرامہ سیریل آنچ سے شہرت پانے والے اداکار سمیع ثانی کی سوشل میڈیا پر ایک طویل عرصے بعد واپسی نے ان کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔
حال ہی میں سمیع ثانی اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاﺅنٹ پر کافی متحرک دکھائی دے رہے ہیں اور باقاعدگی سے اپنی ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔پی ٹی وی کے اس مایہ ناز اداکار کی موجودہ شخصیت نوے کی دہائی کی ان کی پرانی یادوں کے مقابلے میں بالکل بدل چکی ہے جس نے سب کی توجہ اپنی جانب کھینچ لی ہے۔ اب وہ سر سے گنجے اور سفید و کالی داڑھی کے روپ میں نظر آتے ہیں۔اپنی ایک حالیہ ترغیبی ویڈیو میں انہوں نے لوگوں کے تلخ رویوں پر بات کی اور بتایا کہ لوگوں کا سخت رویہ کس طرح دوسروں کو گہری چوٹ پہنچا سکتا ہے۔
انہوں نے اس تکلیف کا موازنہ کسی تیز دھار چیز سے کٹ جانے کے درد سے کیا۔سوشل میڈیا پر ان کی اس نئی جھلک نے مداحوں کو کافی حیران کیا۔ ان کے روپ میں اتنی بڑی تبدیلی آ چکی ہے کہ کئی مداح پہلے انہیں ہچان نہ سکے، تاہم آواز سننے پر انہوں نے فورا شناخت کر لیا۔سمیع ثانی آج کل امریکہ میں مقیم ہیں لیکن وہ اپنے کام کے سلسلے میں اکثر پاکستان آتے رہتے ہیں۔