کراچی (شوبز ڈیسک)اداکارہ اور ماڈل ہما سلیم نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں معروف کرکٹر پر ہراسانی، دھمکیوں، کردار کشی اور ذہنی اذیت پہنچانے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔
ہما سلیم نے انسٹاگرام اسٹوری میں دعوی کیا کہ گزشتہ دو ماہ سے ان کا مذکورہ کرکٹر سے کوئی رابطہ نہیں، تاہم اس کے باوجود انہیں مسلسل دھمکیوں، ہراسانی اور ذہنی دباﺅ کا سامنا ہے۔اداکارہ کے مطابق جب بھی وہ اپنی زندگی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہیں، انہیں مختلف طریقوں سے پریشان کیا جاتا ہے۔ہما سلیم نے الزام عائد کیا کہ ان کے اہلخانہ، دوستوں اور پیشہ ورانہ ساتھیوں سے بھی رابطہ کرکے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، جس سے ان کے کام سے وابستہ افراد بھی متاثر ہوئے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ ایک توہین آمیز اور ذہنی اذیت پر مبنی تعلق میں رہیں اور طویل عرصے تک خاموشی اختیار کیے رکھی، تاہم اب ان کی برداشت ختم ہوچکی ہے۔ہما سلیم نے اعلان کیا کہ وہ جلد اپنی قانونی ٹیم کے ذریعے مذکورہ کرکٹر کے خلاف تمام شواہد عوام کے سامنے پیش کریں گی، جبکہ آئندہ چند روز میں مزید انکشافات کرنے کا بھی دعوی کیا ہے۔