پاکستانی شوبز کی معروف اداکارہ ماریہ واسطی نے بالآخر اپنی اسکرین سے عارضی غیر موجودگی کے بارے میں خاموشی توڑ دی ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے مزاحیہ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ماریہ واسطی نے بتایا کہ وہ کسی منفی وجہ سے شوبز سے دور نہیں ہوئیں بلکہ وہ ایک ایسے منفرد اور معنی خیز کردار کی تلاش میں ہیں جو ان کی فنی صلاحیتوں کو صحیح معنوں میں اجاگر کر سکے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں متعدد اسکرپٹس کی پیشکش ہوئی، مگر ان میں وہ گہرائی اور تازگی موجود نہیں تھی جو ان کے لیے قابلِ توجہ ہوتی۔ انہوں نے حالیہ ڈرامہ انڈسٹری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ اسکرپٹس میں یکسانیت بڑھ چکی ہے اور کرداروں میں نہ وہ تنوع ہے اور نہ ہی جذبات کی وہ شدت جو ماضی کے ڈراموں میں ہوا کرتی تھی۔
ماریہ واسطی نے پی ٹی وی کے دور کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اُس وقت کیے گئے کردار ان کے دل کے قریب تھے کیونکہ وہ ان میں خود کو مکمل طور پر ڈھال لیا کرتی تھیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جیسے ہی انہیں کوئی ایسا کردار ملے گا جو ان کے تخلیقی معیار پر پورا اترے گا، وہ ضرور اسکرین پر واپسی کریں گی۔