کراچی (سپورٹس نیوز) چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تقریب تقسیم انعامات میں ٹورنامنٹ کے میزبان پاکستان کو مکمل نظر انداز کرنے پر سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی سوال اٹھادیا۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں میزبان ملک کی نمائندگی روایت رہی ہے لیکن آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے کسی بھی عہدیدار کو مدعو نہیں کیا جس نے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں خدمات کو نظر انداز کرنے کی سوچی سمجھی کوشش لگتا ہے خاص طور پر جب پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کی شاندار میزبانی کرکے اسکا کامیاب انعقاد ممکن بنایا ہے۔پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تقریبِ تقسیم انعامات میں پاکستان کی نمائندگی نہ ہونے پر شدید حیرت کا اظہار کیا ہے۔شعیب اختر نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ بھارت نے آج چیمپئنز ٹرافی جیت لی لیکن میں نے ایک عجیب چیز نوٹ کی۔
پاکستان اس ٹورنامنٹ کا میزبان تھا لیکن تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا۔شعیب اختر نے کہا کہ یہ بات میری سمجھ سے بالاتر ہے، ہمیں سوچنا چاہیے کہ آخر ایسا کیوں ہوا؟ یہ ایک عالمی اسٹیج تھا، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ میں وہاں پی سی بی کا کوئی رکن نہیں دیکھ سکا، یہ دیکھ کر دل بہت اداس ہوا، یہ واقعی میری سمجھ سے باہر ہے، ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟۔واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان کے لیے 29 سال بعد پہلا بڑا ایونٹ تھا، لیکن میزبان ٹیم کو گروپ مرحلے میں ہی نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہونا پڑا جس پر پاکستانی شائقین پہلے ہی مایوس تھے۔