بالی ووڈ اداکار آیوشمان کھرانہ کی اہلیہ، فلمساز طاہرہ کشپ نے اپنے مداحوں کے ساتھ یہ دردناک خبر شیئر کی ہے کہ انہیں سات سال بعد دوبارہ بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔ طاہرہ نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ وہ اب علاج کروا رہی ہیں اور حالیہ ٹریٹمنٹ کے بعد گھر واپس آ کر صحتیابی کی طرف گامزن ہیں۔
طاہرہ نے اپنی ایک تصویر شیئر کی، جس میں وہ سورج مکھی کا پھول تھامے ہوئے ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی دعائیں اور محبتیں ان کے لیے جادو کا اثر رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا، "گھر واپس آ گئی ہوں اور صحتیاب ہو رہی ہوں۔”
طاہرہ نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ ان دعاؤں میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہیں وہ نہیں جانتی، مگر ان کے درمیان ایک انسانی رشتہ قائم ہوا ہے جو روحانیت کی سب سے اعلیٰ شکل ہے۔
اداکارہ مندیرا بیدی، راج کمار راؤ، ٹوئنکل کھنہ اور دیگر مشہور شخصیات نے طاہرہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ طاہرہ کشپ کو پہلی بار 2018 میں بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد وہ اپنی صحت کا خاص خیال رکھتی تھیں اور ریگولر میموگرام کرواتی رہیں، جس کی بدولت کینسر کی واپسی کا پتہ وقت پر چل سکا۔