لاہور( کامرس ڈیسک)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے عوام سے اربوں روپے کے مزید ٹیکس وصولی کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار
کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے شکنجے سے ہر طبقے کی سانسیں بند ہو رہی ہیں ،سیاسی جماعتوں سے اپیل ہے کہ اختلافات چھوڑ کر میثاق معیشت کی تیاری پر متفق ہوں تاکہ ہمارے گھمبیر ہوتے معاشی چیلنجز ختم ہوسکیں ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ یہ بد قسمتی ہے کہ حکومتیں اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہیں لیتیں اور بیورو کریسی کے ساتھ بیٹھ کر بند کمروںمیں پالیسیاں بنائی جاتی ہیں جس کے مثبت کی بجائے منفی نتائج سامنے آتے ہیں۔ غیر ملکی قرضوں سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے کیوں کوئی پالیسی بنا کر قوم کو اس پر اعتماد میں نہیں لیا جاتا ؟ ۔ پاکستان ایٹمی صلاحیت کا حامل ملک ہے ہم کب تک کشکول اٹھائے پھرتے اور آئی ایم ایف کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے رہیں گے۔
انہوںنے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو رہا ہے ، عوام حقیقی معنوں میں تین سے دو وقت کی روٹی پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو کیا یقین دہانی کرائی گئی ہے اس پر اسٹیک ہولڈرزکو اعتماد میں لیا جائے ۔









