لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے وزیرا عظم کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت اقدامات کے ذریعے سالانہ 600ارب روپے کی بجلی چوری پر بھی قابو پایا جائے ،امید ہے حکومت مرحلہ وار ٹیکسز کی شرح میں بھی کمی کرے گی ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی سے ڈومیسٹک ، کمرشل اور صنعتی صارفین کو بڑا ریلیف ملا ہے ، اس اقدام سے جہاں پیداواری سر گرمیاں عروج پکڑیں گی وہیں لاگت کم ہونے سے عوام کی قوت خرید بھی بحال ہو گی ۔
انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت نے انتہائی سخت حالات کے باوجود ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اورروپے کو استحکام دیا جس سے سرمایہ کاروںکا اعتماد بحال ہوا ،بجلی کی قیمتوں میں کمی بہت بڑا ریلیف ہے جس کے دورس نتائج نتائج برآمد ہوں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ٹیکسز کی شرح کو بھی سنگل ڈیجٹ میں لایا جائے گا جس سے کاروباری برادری کو مزید ریلیف ملے گا اور عوام بھی سُکھ کا سانس لیں گے۔