مظفر آباد(کورٹ نیوز)آزاد جموں و کشمیر کی سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل کر دیا۔آزاد جموں و کشمیر کے چیف جسٹس سعید اکرم راجہ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا فل بنچ تشکیل دے دیا گیا، سماعت 2 جولائی کو ہوگی۔
آزاد جموں کشمیر سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کی طرف سے پی ٹی آئی کی عبوری رجسٹریشن کا فیصلہ معطل کیا ہے ۔آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی 2026 کو ہوں گے، آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول جاری کر دیا ہے، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے، جانچ پڑتال، اپیلوں اور کاغذات واپس لینے کی تاریخیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر کی تازہ انتخابی فہرستوں کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد تقریبا 38 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، جو 2021 کے انتخابات کے مقابلے میں تقریبا 5.8 لاکھ زیادہ ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے سے انتخابی عمل کا راستہ ہموار ہوا ہے، عدالتِ عظمی نے پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کےلئے مختص 12 اسمبلی نشستوں کو برقرار رکھا، جس کے بعد انتخابات کے انعقاد میں موجود ایک اہم آئینی رکاوٹ دور ہو گئی۔ آمدہ انتخابات میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی میں اتحاد بھی ہو گیا ہے۔