چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے عید الفطر کے موقع پر جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا اور ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چکّن کا دورہ کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے مغربی سرحد پر تعینات افسران اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور پاکستان کے پائیدار استحکام و خوشحالی کے لیے دعا کی۔
آرمی چیف نے جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کی بے لوث خدمات اور غیر متزلزل عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں نہ صرف وطن کے تحفظ کی ضمانت ہیں بلکہ پاکستان سے ان کی گہری محبت کی عکاسی بھی کرتی ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور خیبر پختونخوا کے عوام کی بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ثابت قدم رہے ہیں۔
انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے ان کی جدوجہد ہی کامیابی کی بنیاد ہے۔
آرمی چیف کے دورے پر پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔