کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ حاجرہ یامین نے سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات اور اداکاروں کے انفلوئنسرز میں تبدیل ہونے کے رجحان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں حاجرہ یامین نے ایک پروگرام میں شرکت کے دوران اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اداکار اور انفلوئنسر دو الگ شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں اور دونوں کا کام ایک دوسرے سے مختلف ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک اداکار کی اصل پہچان اس کی اداکاری اور کردار نگاری ہوتی ہے، جبکہ انفلوئنسرز سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے سامعین سے رابطہ رکھتے ہیں۔حاجرہ یامین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا کی تجارتی اور مالی اہمیت میں اضافے کے باعث اب بہت سے اداکار بھی آہستہ آہستہ انفلوئنسرز کے کردار میں نظر آنے لگے ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ جب فنکار سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک ہوتے ہیں تو ان کی نجی زندگی، خیالات اور آن لائن سرگرمیاں بھی عوامی توجہ کا مرکز بن جاتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ آج کل اداکاروں کو اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر موجودگی پر بھی زیادہ تنقید اور جانچ پڑتال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔