ٹائم ایجنسی

آبنائے ہرمز میں خطرہ برقرار ہے، برطانوی میری ٹائم ایجنسی کا انتباہ

لندن،پیرس(نیوز ڈیسک )برطانیہ کی میری ٹائم ایجنسی یو کے ایم ٹی او نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں خطرے کی انتہائی سنگین سطح برقرار ہے جبکہ فرانس نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کیلئے نیٹو کے کردار ادا کرنے کے تصور کو مسترد کردیا۔

عالمی میڈیارپورٹس کے مطابق یو کے ایم ٹی او نے جاری بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز، خلیج عمان اور بحیرہ عرب میں خطرے کی سطح بدستور انتہائی سنگین ہے، اس اہم آبی راستے سے گزرنے والی ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، خطے میں بحری قزاقی کا خطرہ بھی شدید سطح پر برقرار ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ 21 اپریل سے 2 مئی کے درمیان پکڑے گئے 3 تجارتی جہاز اب بھی حراست میں ہیں، 2 مئی کو یمن کے ساحل سے 10 میل کے فاصلے پر آئل ٹینکر کو قبضے میں لے کر صومالی پانیوں کی طرف موڑ دیا گیا تھا تاہم اس کی موجودہ صورتحال کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

مزید برآں آبنائے ہرمز سے گزرنے والے راستوں میں بارودی سرنگوں کی موجودگی اور سیٹلائٹ نیویگیشن سسٹمز میں مداخلت بھی مسلسل جاری ہے، باب المندب اور خلیج عدن کے قریبی علاقوں میں تجارتی بحری ٹریفک مستحکم ہے اگرچہ حوثیوں کی جانب سے بیانات اور دھمکیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب عرب میڈیا نے ترجمان فرانسیسی وزارت خارجہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری پوزیشن واضح اور مستقل ہے، شمالی بحر اوقیانوس معاہدہ صرف شمالی بحر اوقیانوس کے علاقوں میں لاگو ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مشرق وسطی اور ہرمز پر توجہ مرکوز کرنا نہ تو نیٹو کا مقصد ہے اور نہ ہی اس اتحاد کیلئے مناسب ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں