لاہور( ہیلتھ رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کا تاریخی کانووکیشن 20 سال بعد 27 فروری بروز سوموار آئی پی ایچ کے آڈیٹوریم میں برڈ ووڈ روڈ پر منعقد ہوگا جسکے مہمان خصوصی گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن ہوں گے۔
کانووکیشن کے انعقاد کی تیاریاں پورے عروج پر ہیں اور آڈیٹوریم کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ساؤنڈ سسٹم، لائٹس وغیرہ نصب کی جارہی ہیں۔میڈیکل کے مختلف شعبہ جات میں اعلی تعلیم مکمل کرنے والے 110 ڈاکٹرز کو ڈگریاں دی جائینگی جبکہ تقریب میں 44 پوزیشن ہولڈرز کو گولڈ میڈلز بھی دیے جائینگے۔جن میں 25 خواتین اور 19 مرد سٹوڈنٹ شامل ہیں۔
کانووکیشن کی تیاریوں کے حوالہ سے ڈین انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا کہنا تھا کہ تقریبآ 20 سال کے بعد ادارے میں یہ تاریخی تقریب ہونے جارہی ہے جسکی وجہ سے سٹوڈنٹس اور سٹاف بہت پر جوش ہیں اور تیاریوں میں بھر پور حصہ لے رہے ہیں۔ ڈاکٹر زرفشاں طاہر کا مزید کہنا تھا کہ تقریب میں انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ لیفٹننٹ جنرل (ر) خالد مقبول، بورڈ کے ممبرز، فیکلٹی ممبرز، مختلف یونیورسٹیز اور میڈیکل کالجز کے وائس چانسلر ز، پرنسپلز، محکمہ صحت کے اعلی افسران بھی شرکت کریں گے۔
ڈین آئی پی ایچ نے بتایا کہ اس سلسلہ میں استقبالیہ کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔تقریب کی ریہرسل بھی چند روز میں کی جائیگی تاکہ انتظامات کو فول پروف بنایا جا سکے۔









