دبئی (سپورٹس ڈیسک)رواں ہفتے آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے یہاں دستیاب ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے بعد، آٹھ ٹیموں کے مقابلے کے لیے فزیکل ٹکٹس پیر 3 فروری سے خلیجی معیاری وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے اور پاکستانی معیاری وقت کے مطابق سہ پہر چار بجے سے فروخت کیے جائیں گے۔
فزیکل ٹکٹ شائقین کے لیے پاکستان کے 26 شہروں میں 108 TCS مراکز پر دستیاب ہوں گےجیسا کہ پہلے اعلان کیا گیا ہے جنرل اسٹینڈ ٹکٹ کی قیمتیں 1,000 پاکستانی روپے سے شروع ہوں گی جبکہ کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے 10 میچوں کے لیے مختلف کیٹیگریز میں پریمیم سیٹنگ 1500 پاکستانی روپے سے دستیاب ہوگی۔ 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ایونٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔
دبئی، متحدہ عرب امارات میں 20 اور 23 فروری اور 2 مارچ کو کھیلے جانے والے انڈیا کے میچوں کے ٹکٹ کی معلومات مقررہ وقت پر جاری کی جائیں گی۔ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔فائنل کے ٹکٹ دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد خریداری کے لیے دستیاب ہوں گے۔