پاکستان نے وساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریب کے موقع پر بھارت سے آنے والے 6,751 سکھ یاتریوں کا واہگہ بارڈر پر پرتپاک استقبال کیا۔ ان یاتریوں میں بزرگوں کی تعداد زیادہ تھی، جنہوں نے پاکستان کے مختلف مقدس مقامات کی زیارت کے لیے ویزے حاصل کیے تھے۔
یادگار سفر کا آغاز واہگہ بارڈر سے ہوا، جہاں بھارتی یاتریوں نے "واہے گرو جی کا خالصہ” کے نعرے لگاتے ہوئے پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھا۔ سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور وفاقی وزارت مذہبی امور کے نمائندوں نے ان یاتریوں کا خیرمقدم کیا۔
یہ یاتری مختلف بھارتی ریاستوں سے پاکستان پہنچے ہیں، اور ان میں سے زیادہ تر بزرگ افراد پنجاب میں اپنے آبائی گاؤں دیکھنے کے خواہشمند تھے۔ کچھ بھارتی خواتین نے اپنی پہلی بار پاکستان کی زیارت کے حوالے سے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کے نظریات اور لباس میں پاکستان اور بھارت میں کوئی فرق نہیں ہے۔
یہ یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے اپنی منزلوں کی طرف روانہ ہوئے، جن میں سے ایک گروپ کو گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور دوسرے گروپ کو گردوارہ دربار صاحب کرتار پور روانہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ بھارتی یاتریوں سے صرف کرایہ لیا گیا جبکہ رہائش، لنگر اور طبی سہولتیں مفت فراہم کی گئی ہیں۔









