اسلام آباد (ہیلتھ ڈیسک)طبی ماہر ڈاکٹر عارف محمود نے شہریوں کو گرم موسم میں ضرورت سے زیادہ مشقت یا ورزش سے گریز کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وافر پانی پیئں جو جسم میں گرمی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
ہفتہ کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہیٹ اسٹروک گرمی کی تھکن سے شروع ہوتا ہے اور اگر 30 منٹ کے اندر قابو نہ پایا جائے تو یہ مہلک ہیٹ اسٹروک میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گرمی کی تھکن سر درد، بازوں اور ٹانگوں میں درد، بہت زیادہ پسینہ آنا، چکر آنا اور الجھن کے طور پر ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ علامات بچوں اور بڑوں میں یکساں ہو سکتی ہیں اور بچوں کو نیند بھی آ سکتی ہے۔
ڈاکٹر عارف محمود نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ کپڑوں پر پانی چھڑکنے سے بھی گرمی کو ختم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔اس موسم میں تنگ گہرے کپڑوں کے بجائے ہلکے رنگ کے اور ڈھیلے کپڑے پہننے چاہئیں تاکہ پسینہ آ سکے اور گرمی کی شدت کم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ سن اسکرین پہننا، ٹوپی کا استعمال چہرے اور جلد کو گرمی اور دھوپ کے نقصانات سے بھی بچا سکتا ہے۔
انہوں نے مشورہ دیا کہ اگر کوئی ٹوپی نہیں پہننا چاہتا تو اپنے سر کو گرمی کے اثرات سے بچانے کے لیے صرف کپڑے سے سر ڈھانپ لیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی پہلے 10-12 گلاس پانی پیتا ہے تو اس مقدار کو دوگنا کر دے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کو پیاس نہ لگے تو بھی پانی پیئے، یہ جسم پر حفاظتی اثرات مرتب کرے گا۔