لاہور(تعلیم ڈیسک) موج مستی اور سیر سپاٹوں کو بریک لگ گیا، سندھ کے بعد پنجاب بھر میں بھی موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے کھل گئے جہاں پہلے روز بچے ایک دوسرے سے گلے ملتے نظر آئے جبکہ نجی سکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے سکول واپسی پر بچوں میں پھول اور چاکلیٹس بھی تقسیم کی گئیں ۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب بھر میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے پر سکول و کالجز میں تدریسی عمل پیر سے شروع ہوگیا ، طویل چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کی رونقیں دوبارہ بحال ہوگئیں، بچوں کے چہرے دوستوں کو دیکھ کر کھل اٹھے اور وہ ایک دوسرے سے گلے ملتے نظر آئے۔طویل عرصے بعد سکول آنے والے بچے جہاں خوش دکھائی دیئے وہیں موج مستی کے دن ختم ہونے پر مایوس بھی نظر آئے ،
تعلیمی اداروں میں پہلے روز طلبا کی تعداد بھی معمول سے کم رہی ۔نجی سکولوں کی انتظامیہ کی جانب سے طویل عرصے بعد سکول کھلنے پر بچوں میں پھول اور چاکلیٹس بھی تقسیم کی گئیں ۔خیال رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 6 جون سے 20 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کے باعث بند تھے۔