لاہور(نمائندہ خصوصی) اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ نبیل اعوان، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ.کیپٹن (ر) محمد عثمان، کمشنر لاہور سیف انجم، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید اور متعلقہ افسران کی شرکت۔
چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کی زیر صدارت اجلاس میں ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں کنسٹرکشن انڈسٹری کی سہولت کے پیش نظر لاہور میں ایل ڈی اے کے علاوہ اضلاع میں سرکاری محکموں کے تعمیرات سے متعلق شعبوں کو ضروری سٹاف کیساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ متعلقہ شعبے کھولنے سے تعمیرات کے کاروبار سے وابستہ افراد کو نقشے پاس کروانے اور دیگر ضروری سروسز کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔
اجلاس میں تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد کی سہولت کیلئے محکمہ ریونیو کے فرد ملکیت اور جائیداد کی منتقلی سمیت مخصوص شعبوں کو 4یا5گھنٹے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کھولے جانیوالے شعبوں میں کورونا وائر س سے بچاؤ سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ صوبے میں روزانہ کورونا ٹیسٹ کرنے کی استعداد بڑھانے کیلئے آٹھ لیبارٹریوں کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔
سیکرٹری ہیلتھ کیپٹن ر محمد عثمان نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے سرٹیفکیٹ کے بعد ان اپ گریڈ کی گئی لیبارٹریوں کو مکمل فعال کر دیا گیا ہے۔ لاہور میں دو، راولپنڈی، ڈی جی خان، بہاولپور، وزیر آباد، فیصل آباد اور ملتا ن میں ایک ایک لیبارٹری کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔ لیبارٹریوں کی اپ گریڈیشن کے بعد صوبے میں 24گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 4620مینوئل ٹیسٹ کئے جا سکیں گے۔