کراچی کے علاقے لائنز ایریا میں واقع ایک نجی اسکول کی کثیرالمنزلہ عمارت سے 25 سالہ نوجوان گر کر جاں بحق ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نوجوان اسکول کی آٹھویں منزل سے نیچے آیا، واقعے کی نوعیت ابتدائی طور پر خود کشی قرار دی جا رہی ہے تاہم پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت عثمان ولد تصور حسین کے نام سے ہوئی ہے جو نارتھ کراچی کا رہائشی اور اسی اسکول میں ملازمت کرتا تھا۔ جاں بحق نوجوان کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
بریگیڈ تھانے کے سب انسپکٹر محبوب کا کہنا ہے کہ بظاہر واقعہ خود کشی معلوم ہوتا ہے مگر اصل وجوہات کا تعین مزید تفتیش کے بعد ہوگا۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور واقعے کی ہر پہلو سے جانچ کی جا رہی ہے۔









