کراچی: پاکستان ریلوے نے کراچی اور لاہور کے درمیان ہائی اسپیڈ بلٹ ٹرین چلانے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے بعد دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت 20 گھنٹوں سے گھٹ کر صرف 5 گھنٹے رہ جائے گا۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ منصوبہ 2030 تک مکمل ہوگا اور اس کی تعمیر چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کے تحت 6.8 ارب ڈالر مالیت کے ایم ایل-1 اپ گریڈ منصوبے کا حصہ ہے۔ بلٹ ٹرین 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑے گی اور حیدرآباد، ملتان اور ساہیوال جیسے اہم شہروں پر بھی رکے گی۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ منصوبے میں چین کی بھرپور معاونت شامل ہوگی اور اسے چائنا ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے میں دہری نئی پٹڑیاں بچھائی جائیں گی، پرانے پل ازسر نو تعمیر ہوں گے اور جدید سگنلنگ سسٹم لگایا جائے گا۔
یہ منصوبہ نہ صرف عوام کو تیز، آرام دہ اور محفوظ سفر فراہم کرے گا بلکہ ہزاروں نئی ملازمتوں کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔ حکام کے مطابق ریلوے مال برداری کی شرح بھی 4 فیصد سے بڑھ کر 20 فیصد تک پہنچ جائے گی، جس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے اور ایندھن کی درآمد پر اربوں روپے بچ سکیں گے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف لاہور سے راولپنڈی کے درمیان بلٹ ٹرین منصوبے کی منظوری دے چکی ہیں، جس سے یہ سفر صرف ڈھائی گھنٹوں میں مکمل ہوگا۔









