انمول پنکی

کراچی، کوکین ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی نشاندہی پر چھاپے، کوکین برآمد،2 ملزمان گرفتار

کراچی،لاہور (کرائم رپورٹر )کراچی میں گرفتار کوکین ڈرگ ڈیلرانمول عرف پنکی کی نشاندہی پرساﺅتھ پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں،ملزمہ کی نشاندہی پرسچل گوٹھ کے علاقے میں گھرکی تلاشی کے دوران کوکین برآمد کرلی گئی ،پنکی کی منشیات کی فروخت سے رقم وصول کرنے والے دو ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ انمول عرف پنکی کی نشاندہی پرجمشید کوارٹرمیں چھاپامارا،جمشیدکوارٹرمیں ایک گھرکی تلاشی لی مگرکامیابی حاصل نہ ہوئی،سچل کے علاقے میں گھر کی تلاشی لینے پرکوکین برآمد کی گئی،گھرکے اندرسے برآمد سامان کی تفصیلات کاریکارڈ بنایا جارہا ہے،کارروائیوں کے دوران تفتیشی افسر کے ہمراہ ملزمہ پنکی بھی موجود تھی۔

دوسری جانب ابوالحسن اصفہانی روڈکے قریب حساس ادارے اورساﺅتھ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے انمول عرف پنکی کی منشیات کی فروخت سے رقم وصول کرنے والے دوملزمان کو گرفتارکرلیا،ملزمان فیاض خٹک اورزیشان خٹک فیاض کمیونیکیشن کے مالک ہیں،پنکی منشیات سے فروخت ہونےوالی رقم ملزم زیشان کے اکاﺅنٹ سے وصول کرتی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق فیاض خٹک اورذیشان خٹک پنکی کی گرفتاری کے بعددکان بند کرکے غائب تھے، کارروائی کے دوران ملزمان سے بینک اپلیکیشن انسٹال شدہ موبائل فون تحویل میں لے لئے گئے،پنکی کا ذیشان خٹک اورفیاض خٹک سے اے ون میں رہائش کے دوران تعلق قائم ہواتھا۔

دوسری جانب انمول عرف پنکی کے خلاف درج مقدمات میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے بعد پولیس نے ان کے گرد موجود نیٹ ورک اور پرانے مقدمات کی چھان بین کا دائرہ بھی وسیع کر دیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق انمول عرف پنکی کے خلاف ایک اور مقدمہ منظرِ عام پر آیا ہے، جس کے بعد انویسٹی گیشن ونگ نے پرانے ریکارڈ اور مختلف تھانوں میں درج مقدمات کا دوبارہ جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ چوتھا مقدمہ سال 2024 میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں درج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ ملزمہ صابراں بی بی کے خلاف درج ہوا، جس کے قبضے سے 20 گرام کوکین برآمد کی گئی تھی۔

مقدمے کے متن کے مطابق دورانِ تفتیش ملزمہ صابراں بی بی نے انکشاف کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات اس نے کراچی میں موجود انمول عرف پنکی سے حاصل کی تھیں۔اس بیان کے بعد پولیس نے انمول عرف پنکی کے مبینہ منشیات سپلائی نیٹ ورک کے مختلف پہلوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ سنگین نوعیت کے الزامات اور متعدد مقدمات سامنے آنے کے باوجود انمول عرف پنکی کو اس مقدمے میں بھی اشتہاری قرار نہیں دیا گیا تھا، جس پر اب قانونی پہلوں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ مختلف مقدمات میں سامنے آنے والے شواہد اور بیانات کو یکجا کر کے مزید قانونی کارروائی آگے بڑھا رہا ہے، جبکہ متعلقہ ادارے بھی معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں