لاہور(ایجوکیشن رپورٹر )وزیرتعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا کہ کاہنہ میں ٹیوشن سنٹر گھر میں کھلا ہوا تھا، یہ سکول یا باقاعدہ اکیڈمی نہیں تھی۔اپنے ایک بیان میں رانا سکندر کا کہنا تھا کہ ٹیچر ایک پسماندہ علاقے میں اپنے گھر میں محلے کے بچوں کو پڑھا رہی تھی، معصوم بچوں کی ہلاکت ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ مالک مکان کی غفلت اور مکان کی خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔واقعہ جان بوجھ کر کرنے کے کوئی شواہد نہیں ملے۔دوسری جانب وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ کاہنہ میں گھر کے اندر قائم ٹیوشن سنٹر میں خستہ حال چھت گرنے کے واقعہ کی وزیراعلی پنجاب خود مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔
عظمی بخاری نے کہا کہ ہسپتالوں میں ادویات یا ڈاکٹرز کی کمی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے جبکہ ہیوی مشینری احتیاط کے پیش نظر استعمال نہیں کی گئی تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر طرح کی ذمہ داری لینے کو تیار ہے تاہم یہ نجی ملکیت میں قائم ٹیوشن سنٹر تھا اور اسی وجہ سے حکومتی نگرانی محدود تھی۔