کراچی (شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکارہ زارا نور عباس نے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سمجھ جانا چاہئے ڈپریشن دین سے دوری نہیں ،مولانا طارق جمیل کے بیٹے اس کی ایک مثال ہیں۔اداکارہ زارا نور عباس نے انسٹاگرام پر سٹوری پوسٹ کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل سے بیٹے کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام لوگ جو کہتے ہیں کہ ڈپریشن دین سے دوری کی وجہ سے ہوتا ہے، مہربانی کرکے مولانا طارق جمیل کے بیٹے کی مثال لیں جو ڈپریشن میں مبتلا تھے حالانکہ ان کے والد مذہبی اسکالر ہیں اور ان کے گھر میں بھی مذہبی سرگرمیاں ہوتی ہوں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ڈپریشن کسی بھی دوسری بیماری کی طرح ایک حقیقی بیماری ہے، اس سے انسان بری طرح متاثر ہوتا ہے، براہ کرم اگر اس بیماری میں کوئی مبتلا ہے تو کسی دوسرے انسان کی مدد ضرور لیں۔زارا نور عباس نے کہا کہ اللہ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب اور آخرت میں سکون عطاء فرمائے۔