بیجنگ (نیوز ڈیسک)چین کے اعلیٰ رہنما شی جن پھنگ نے صوبہ جیانگسو کا دورہ کیا ہے۔پیر کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق انہوں نے اس موقع پر جدید مینوفیکچرنگ اور حقیقی معیشت کی ترقی میں صوبہ جیانگسو کو ایک ماڈل میں ڈھالنے کی تجویز پیش کی تاکہ ملک میں اعلیٰ معیار کی معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے جدید صنعتی نظام کی تعمیر میں تیزی لائی جا سکے۔
جدید صنعتی نظام میں اعلی درجے کی ذہین اور سبز مینوفیکچرنگ کی صنعتیں، اسٹریٹجک ابھرتی ہوئی صنعتیں جیسے انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، اور بائیو ٹیکنالوجی اور جدید خدمات کی صنعتیں جو جدید مینوفیکچرنگ اور جدید زراعت کے ساتھ گہری طور پر مربوط ہیں ،شامل ہیں۔
اپنے دورے کے دوران شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ حقیقی معیشت پر قائم رہنا اور جدید صنعتی نظام کی تعمیر میں تیزی لانا ضروری ہے جس میں جدید مینوفیکچرنگ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس ضمن میں سائنسی اور تکنیکی کامیابیوں کی تبدیلی اور صنعت کاری کو مسلسل بہتر بنانا نمایاں ترجیحات ہیں.
شی جن پھنگ نے خاص طور پر کھلے پن کو وسعت دینے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں ایک جدید صنعتی نظام کی تعمیر کے لئے ہمیں ملکی اور بین الاقوامی دوہری معاشی گردش کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے مسلسل نئے طریقوں اور اقدامات کی جدت طرازی کی ضرورت ہے، بیرونی تجارت کی جدید ترقی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی مارکیٹ کو مسلسل مستحکم اور وسعت دینے کی ضرورت ہے .