بیجنگ(انٹرنیشنل نیوز)پاکستانی سفارتخانہ چین نے ارض پاک کا 79واں جشن آزادی قومی جوش و جذبے اور پروقار انداز میں منایا۔اس موقع پر سفارتخانے کی عمارت میں پرچم کشائی کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی برادری سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہوئیں۔
تقریب کے آغاز پر ناظم الامور اعزاز خان نے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے یومِ آزادی سے متعلق خصوصی پیغامات بھی حاضرین کو پڑھ کر سنائے گئے۔صدر اور وزیراعظم کے پیغامات میں تحریکِ آزادی کے دوران دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بالخصوص قائداعظم محمد علی جناح کی دوراندیش قیادت اور ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے قیامِ پاکستان کے تاریخی سفر کو اجاگر کیا گیا۔قومی قیادت کے پیغامات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مضبوط، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کی منزل حاصل کرنے کے لیے قوم کو اتحاد، ثابت قدمی اور قومی نظریات سے وابستگی کے اصولوں پر کاربند رہنا ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناظم الامور اعزاز خان نے چین میں مقیم پاکستانی برادری کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔
انہوں نے پاک چین تعلقات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے کی یاد منا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی بنیاد دیرینہ دوستی اور گہرے باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان یہ مضبوط رشتہ وقت کے ساتھ مزید مستحکم ہوا ہے اور مختلف شعبوں تک پھیل چکا ہے۔اعزاز خان نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے قومی ترقی میں پاکستانی ڈائسپورا کی خدمات کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی سطح پر روابط اور باہمی میل جول پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں تعمیری کردار ادا کررہے ہیں۔
یومِ آزادی کی تقریب کے دوران بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی کے مختلف پہلوں کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی، جس میں بابائے قوم کی شخصیت، جدوجہد اور قومی خدمات کی جھلکیاں شرکا کے سامنے پیش کی گئیں۔پاکستان ایمبیسی کالج بیجنگ کے طلبہ نے بھی تقریب میں خصوصی پرفارمنس پیش کیں، جن میں ثابت قدمی، مسلسل جدوجہد اور محنت کا پیغام دیا گیا، جسے شرکا نے سراہا۔تقریب میں پاکستانی سفارتخانے کے حکام، چین میں مقیم پاکستانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔ چینی میڈیا، دانشور حلقوں اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی یومِ آزادی کی اس تقریب میں شریک ہوئے۔