پشاور(نیوز ڈیسک )چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ چاہے بلوچستان ہو یا خیبرپختونخوا، ہر دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جبکہ بھارتی خفیہ ایجنسی "را” پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ لڑ رہی ہے۔اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ "را” اب دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہے اور دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر کھڑا ہونا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ اس قومی مسئلے پر سیاست یا پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہی پاکستان کی ترقی، محرومیوں کے خاتمے اور ملک کے استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح مئی 2025 میں بھارت کو شکست دی گئی، اسی طرح دہشت گردی کو بھی شکست دیں گے۔بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ملک کے کسی بھی حصے میں ہونے والی دہشت گردی پاکستان کے خلاف سازش ہے اور تحریک انصاف ہر قسم کی دہشت گردی کی مخالفت کرتی ہے۔