لاہور(سپورٹس نیوز)پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کا فائنل کل (اتوار کو )قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے مابین کھیلاجائےگا۔ پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہا ہے کہ لیگ کے فائنل کے موقع پر شاندار اختتامی تقریب کا انعقاد ہوگا۔پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان نصیر نے بتایا کہ اختتامی تقریب کےلئے سٹیج تیا ر ہے ۔
انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ فائنل کے روز شام ساڑھے چھ بجے تک سٹیڈیم پہنچ جائیں تاکہ میچ سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب سے لطف اندوز ہو سکیں۔انہوں نے کراچی میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں شائقین کے غیرمعمولی جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی والوں نے سٹیڈیم نہ آنے کی روایت توڑ دی، کراچی میں کوالیفائیر میچ میں اتنی پبلک آگئی تھی کہ ایک موقع پر گیٹ بند کرنا پڑے۔
سلمان نصیر نے مزید بتایا کہ پی ایس ایل 11 کی فاتح ٹیم کے شہر میں ٹرافی ٹور بھی کرایا جائے گا۔واضح رہے کہ پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان فائنل آج لاہور میں کھیلا جائے گا ،پشاور زلمی کی ٹیم 2017میں پی ایس ایل کی فاتح رہ چکی ہے جبکہ حیدر آباد کنگزمین اپنا پہلا پی ایس ایل ٹورنامنٹ کھیل رہی اور ابتدائی شکستوں کے ٹیم کے زبردست کم بیک کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے ۔پشاور زلمی کی ٹیم بابراعظم کی قیادت میں بھرپورفار م میں ہے۔شائقین کرکٹ کو ایک کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے ۔