اسلام آباد (نمائند ہ خصوصی) قومی ائیر لائن (پی آئی اے) انتظامیہ نے پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں 35 فیصد تک اضافہ کردیا۔
قومی ایئر لائن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فلائنگ الاﺅنس کے حصول کے لیے کم از کم 50 گھنٹے طیارہ اڑانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور 10 سال کی سروس پر پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں 35 فیصد اضافہ ہوگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 20 سال سروس والے کے پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں 30 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ 30 سال تک سروس کرنے والے پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں 25 فیصد اضافہ ہوگا، 30 سال سے زیادہ سروس دینے والے پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں 20 فیصد تک اضافہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی سے انکار اور بغیر وجہ کی چھٹی کرنے والے پائلٹس کو فلائنگ الاﺅنس نہیں ملے گا، 60 گھنٹے فلائنگ پر پی آئی اے کے پائلٹس کو 150 فیصد فی گھنٹے کے حساب سے الاﺅنس ملے گا جبکہ 70 گھنٹے فلائنگ کرنے والے پائلٹس کو فی گھنٹہ 200 فیصد کے حساب سے فلائنگ الاﺅنس ملے گا۔ اس کے علاوہ 71 گھنٹے یا اس سے زائد جہاز اڑانے پر 250 فیصد فی گھنٹہ کے حساب سے فلائنگ الاﺅنس دیا جائے گا، پائلٹس کے لیے ڈومیسٹک پروازوں پر فلائنگ الاﺅنس 250 روپے فی گھنٹہ سے بڑھا کر 750 روپے کردیا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی فلائٹس پر پائلٹس کا فی گھنٹہ الاﺅنس 5 ڈالر سے بڑھا کر 10 ڈالر کردیا گیا ہے۔
پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں اضافے کی منظوری پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کی سفارش پر دی ہے جس کے تحت پائلٹس کے فلائنگ الاﺅنس میں اضافہ یکم جون سے نافذالعمل ہوگا۔









