بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، بلاول بھٹو

اسلام آباد(نیوز ڈیسک )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی عوامی خدمت اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔چیئرمین پی پی پی کی زیر صدارت زرداری ہاﺅ س اسلام آباد میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آزاد جموں و کشمیر امور کی انچارج فریال تالپور، قائم مقام صدر چودھری لطیف اکبر، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چودھری محمد یاسین شریک ہوئے۔

اجلاس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کا بگل بج چکا ہے کارکنان جوش و خروش سے پارٹی کی انتخابی مہم چلائیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات میں کامیابی حاصل کر کے ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی فلاح و بہبود، گڈ گورننس، شفافیت اور ترقیاتی عمل کو مزید موثر بنائے گی۔انہوں نے پارٹی رہنماں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ عوام سے اپنے روابط مزید مضبوط کریں اور پارٹی کے نظریے اور پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کے حقوق، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی یہ جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔

اپنا تبصرہ لکھیں