لاہور( نیوز ڈیسک)ترجمان وزیر اعلی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اطلاعات سندھ بتائیں سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کا کیا ہوا؟،
سندھ کے علاقے قدیم موہنجو دڑو کے کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں،پیپلز پارٹی تو امداد کی رقم ہڑپنے کیلئے مشہور ہے،صوبہ کی عوام وزیر اعلی پنجاب کے اقدامات سے مطمئن ہیں، پنجاب حکومت نے سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے 20 ارب روپے کا پیکج مختص کیا،صوبہ بھر میں صحت کارڈ کی بحالی کے ساتھ اس کی توسیع کی جا رہی ہے۔اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 کا دائرہ کار اضلاع سے بڑھا کر تحصیلوں تک کر دیا گیا ہے،پنجاب کے 27 اضلاع میں ریسکیو موٹرسائیکل سروس شروع کی گئی،ایمرجنسی وارڈ میں مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں،حکومت پنجاب نے مستحق افراد کیلئے احساس راشن پروگرام کا آغاز کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کیلئے وائرس سے زیادہ خطرناک ہے،سندھ کے سرکاری ہسپتالوں میں کینسر اور شوگر سمیت مختلف مہلک امراض کی ادویات کا فقدان ہے،سندھ کے عوام مشکلات کا شکار ہیں اور وزیر اطلاعات سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں،سندھ میں اربوں کی گندم چوہے کھا گئے اور حکومت گڈگورننس کی بات کر رہی ہے،2 دہائیوں سے سندھ میں راج کرنے والی پیپلز پارٹی نے عوام کو کوڑی کوڑی کا محتاج کر دیا ۔ مسرت جمشیدچیمہ نے کہا کہ اپنا اقتدار بحال رکھنے کیلئے پیپلز پارٹی نے عوام کو مسائل کی بھٹی میں جھونک دیا ،پیپلز پارٹی ملک کے معاشی حالات شدید خراب ہونے کا اعتراف بھی کر رہی ہے اور اقتدار سے بھی چمٹی ہوئی ہے،معاشی حالات کی بہتری ملک میں فوری شفاف انتخابات کے بغیر ممکن نہیں۔