اسلام آباد(نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لے آئیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے پر دستخط کر دئیے ہیں،پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا ۔اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کےلئے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کی غرض سے اعلی سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ وزیرِ پیٹرولیم نے کہا نئے شفاف فارمولے کی بدولت عوام قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجوہات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، جبکہ اس فارمولے کی تیاری تمام متعلقہ فریقین سے مکمل مشاورت کے بعد کی جائے گی۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل برقرار رکھی گئی ہے اور حکومت توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد نئے اقدامات پر کام جاری ہے، جبکہ بحران کے دوران تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں اور عوام کے شکر گزار ہیں۔ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں۔