بیرسٹر عقیل ملک

پٹرو لیم قیمتوں میں 100 سے 150 روپے سے زائد فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے ، بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) عالمی منڈی کے زیراثر ملک میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے امید ظاہر کی ہے کہ جمعے کے رو ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط متوقع ہیں، اسی روز پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں بڑی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ایک انٹرویو میں بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کی وجہ سے اس بات کا قوی امکان ہے کہ "پیٹرول کی قیمتوں میں 100 روپے سے زیادہ یا 150 روپے فی لیٹر سے بھی زیادہ کمی ہو سکتی ہے”۔

یاد رہے کہ اسرائیل اور امریکا کے ایران پر حملوں سے شروع ہونے والی جنگ کے آغاز کے بعد سے اب تک پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متعدد بار نمایاں اضافہ اور کمی ریکارڈ کی گئی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں پہلا بڑا اضافہ 6 مارچ 2026 کو کیا گیا، جب حکومت نے عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تقریبا 55 روپے فی لیٹر اضافہ کیا۔

اس اضافے کے بعد پیٹرول کی قیمت بڑھ کر تقریبا 321 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی، جو حالیہ برسوں کی بلند ترین سطح تھی۔ اسی طرح ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں بھی 55 روپے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 335 روپے ہوگئی تھی۔مشرق وسطی کشیدگی سے قبل ملک میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت 266 روپے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 280 روپے تھی۔ ملک میں پیٹرول کی موجودہ قیمت 373 روپے 78 پیسے اور ڈیزل ڈیزل کی قیمت 378 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں