لاہور (نمائندہ خصوصی)عدالت نے پولیس پارٹی پر حملے کے کیس میں پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کو پولیس پارٹی پر حملے کے کیس میں کینٹ کچہری پیش کیا گیا، جوڈیشل ڈیوٹی مجسٹریٹ شبیر احمد جوئیہ نے مقدمہ کی سماعت کی، صنم جاوید کی جانب سے سلمان شاہد ایڈووکیٹ نیدلائل پیش کیے۔پولیس کی جانب سے صنم جاوید کو متعلقہ انسداددہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کے لیے جسمانی ریمانڈ طلب کیا گیا۔بعدازاں فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ملزمہ صنم جاوید کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز صنم جاوید کو ضمانت پر رہائی ملنے کے بعد بعد جیل سے ہی گرفتار کر لیا گیا تھا، صنم جاوید کو زمان پارک مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے، صنم جاوید پر الزام ہے کہ انہوں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا۔